ریکٹر نسٹ یونیورسٹی نے 20؍ افراد کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ کردیا

August 10, 2020

اسلام آباد (آن لائن) نسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان نے ایف آئی اے میں 20؍ افراد کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ 2016 ء کی شق نمبر 20اور 37کے تحت ہتک عزت کا مقدمہ درج کروا دیا جس کے تحت تین سال قید کی سزا اور 10لاکھ روپے کا جرمانہ ہے۔ مقدمہ درج کرنے کی وجوہات بتاتے ہوئے جنرل نوید نے کہا کہ وہ گزشتہ تین سال سے اس توہین آمیز رویے کا سامنا کررہے ہیں باوجود اس کے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے 2016ء میں ایسے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی تھی اور ان کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 2017ء میں اس امید کے ساتھ کہ ذمہ داران کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، ایک شکایت ایف آئی اے میں درج کروائی گئی۔ تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہ آئی اور یہ تضحیک آمیز مہم اب بھی پوری شدت کے ساتھ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ حال ہی میں اس مہم کے دوبارہ رونما ہونے پر ایک نئے کیس کا اندراج کروایا گیا ہے جن 20؍ افراد کیخلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے ان میں سے کچھ کا تعلق ریاست مخالف عناصر سے ہے، کچھ جن کا اپنا مفاد پرست ایجنڈہ ہے جن میں کچھ کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے منسلک ہے۔ اس فہرست میں کچھ ایسے افراد بھی شامل ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر زہر اگلنے میں مصروف ہیں۔