بلند انرجی ٹیرف، چھوٹے صنعتی یونٹس تباہی کے دہانے پر

August 10, 2020

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) بلند انرجی ٹیرف کی وجہ سے چھوٹے صنعتی یونٹس تباہی کے دہانے پر آگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جلد سے جلد خطے کا مسابقتی ٹیرف جاری کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اب تک ایسا نہیں ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ایس ایم ایز برآمدات میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ اگر ایس ایم ایز کے لیے خطے کے مسابقتی ٹیرف کو توسیع دی جائے تو اس سے ملک کی برآمدات میں ایک سال کے اندر 3 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم، حکومت نے اب تک وزیراعظم کی خواہش کے باوجود خطے کا مسابقتی ٹیرف جاری نہیں کیا ہے جس سے ملکی برآمدات کو بڑا دھچکہ لگ سکتا ہے۔ وزارت کامرس اور ٹیکسٹائل کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ سیکڑوں ایس ایم ایز جو کہ بالواسطہ برآمد کنندگان ہیں، وہ تباہی کے دہانے پر آچکی ہیں کیوں کہ انہیں بلند انرجی ٹیرف برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ اگر خطے کا مسابقتی انرجی ٹیرف جو کہ بجلی کا 7.5 سینٹ فی یونٹ اور آر ایل این جی کا 6.5 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو ہے کو توسیع نا دی گئی تو یہ ایس ایم ایز بند ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں رپورٹس ملی ہیں کہ بہت سے چھوٹے صنعتی یونٹس ، بلند ٹیرف کے باعث بند ہورہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی متعلقہ وزراء کو فون کیا تھا اور خطے کے مسابقتی انرجی ٹیرف کے جلد سے جلد اجراء کی ہدایت کی تھی۔