لندن ،طارق میر اور محمد انور کی متنازع پراپرٹیز کا تنازع ختم کرنے کی پیشکش

August 10, 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے دو سابق رہنمائوں سید طارق میر اور محمد انور نے پارٹی کے بانی قائد کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ وائٹ چرچ لین 221 کی پراپرٹی عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ اور ان کے دو بیٹوں کے نام پر کردیں تو وہ ان دونوں پراپرٹیز کا تنازع ختم کرنے کیلئے تیار ہیں جو ان دونوں کے نام پر ہیں۔ طارق میر اور محمد انور 221 اور 185 وائٹ چرچ لین پراپرٹیز کے قانونی طور پر مالک ہیں اور انہوں نے ایم کیو ایم کے ٹرسٹ کی جانب سے یہ جائیدادیں خریدیں تھیں۔ انور اور طارق میر نے دونوں جائیدادیں بانی ایم کیو ایم کے نام کرنے سے انکار کردیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا غیر قانونی عمل ہوگا۔ حال ہی میں بانی ایم کیو ایم کوبھیجے گئے خط میں ، جس کی کاپی دی نیوز کے پاس ہے، طارق میر اور محمد انور نے پیشکش کی ہے کہ وہ دونوں جائیدادوں کا چار سال کا کرایہ معاف کردیں گے اگر 221ویٹ چرچ کا گراؤنڈ فلور ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ کو رہنے کیلئے دیا جائے اور اوپر کا فلور کرایے پر دیا جائے تاکہ اس سےحاصل رقم سے وہ اپنا گزر بسر کرسکیں جبکہ 185ویٹ چرچ کو بھی کرایے پر دیا جائے اور اس سے حاصل رقم سے مستحق خاندانوں کی مدد کی جائے ۔ طارق میر اور محمد انور نے خط میں واضح طور پر لکھا کہ دونوں جائیدادیں ’ہمارے اپنوں پیسوں سے نہیں خریدی گئی ۔