سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کاساتھ دیا،جماعت اہلحدیث

August 10, 2020

لاہور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اہلحدیث پاکستان کے رہنماؤں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کے رد عمل میں کہا ہے کہ نئی او آئی سی بنانے کا مطلب پاکستان کو تنہائی کی طرف لے جانا ہے جو کسی بھی طرح پاکستان کے لیے اچھا نہیں کیونکہ سعودی عرب نے ہر بڑی سے بڑی مشکل پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے کہ نئی اوآئی سی بنائی جائے۔ امیر جماعت حافظ عبدالغفارروپڑی، حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصراور حافظ عبدالوحید شاہدروپڑی نے کہاہے کہ پہلے بھی ایک مرتبہ شاہ محمود قریشی نے اسی قسم کی ایک تجویز دی تھی جس کی وجہ سے پاک سعودیہ تعلقات خراب ہوتے ہوتے بچے تھے اور انہی کی وجہ سے اب مسئلہ کشمیر بھی پہلے سے زیادہ الجھاو کا شکار ہوگیا ہے۔ عالمی برادری اور او آئی سی کو جاگتے ہوئے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام کے لیے کردارادا کرنا پڑے گا۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین، امریکہ ، اوآئی سی، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے بھارت کے خلاف جنگی جرائم کی کارروائی شروع کرائیں ۔