فنڈز کی عدم دستیابی ،پولیس کیلئے بکتربندگاڑیوں کاحصول مشکل

August 10, 2020

لاہور(کرائم رپورٹرسے) فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولیس کیلئے بکتر بند گاڑیوں کا حصول مشکل ہوگیا،پنجاب پولیس کے پاس پہلے سے موجود 19 بکتر بند کے ناکارہ ہونے پر میگا آپریشنز میں مشکلات کا خدشہ ہے ، پولیس کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کیلئے حکومت کو درخواست دی جارہی ہے، لیکن تاحال خریداری ممکن نہیں ہوسکی۔رواں مالی سال بھی بڑے شہروں اور کچے میں آپریشنز کے لیے جدید 30 بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کی درخواست کی گئی، جو کہ بعد میں ڈیمانڈ کم ہوکر10تک رہ گئی لیکن اسکے باوجود فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس میں پولیس انٹرنل آڈٹ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج 10 اگست کو ہوگا، آڈٹ پیراز کی سپیشل انٹرنل آڈٹ رپورٹس 13اگست کو ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، پنجاب پولیس کے 36 اضلاع اور مختلف یونٹس کی جانب سے سالانہ انٹرنل آڈٹ رپورٹس تیار کرکے تمام رپورٹس اور دستاویزات مکمل رینج آڈیٹرزکو سنٹرل پولیس آفس میں طلب کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے تمام اضلاع اور یونٹس کا پولیس انٹرنل آڈٹ کمیٹی کی جانب سے آڈٹ کروایا گیا۔، پنجاب پولیس میں گزشہ چند سالوں میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں منظر عام پر آچکی ہیں جس کی وجہ سے سپیشل آڈٹ کروائے جا رہے ہیں،آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام ریکارڈ اور دستاویزات کو چیک کیا جائے گا کہ کہیں کوئی مالی بے ضابطگیاں تو نہیں کی گئیں۔