مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں

August 10, 2020

بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے، کوئی بھی مہذب معاشرہ اور حکومت انسانی حقوق کی پامالی کی اجازت نہیں دے سکتی ۔مقبوضہ کشمیر کی وادی گزشتہ ایک سال سے انسانی جیل کی صورت اختیار کر چکی ہے جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

صدر آزاد جموں و کشمیر جناب مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے اشتراک سے ہونے والے یوم استحصال کے حوالے سے ویبنار میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی کشمیری کی عزت جان اور مال کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے تقریب کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور جبر و تشدد کی کارروائیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ویمن شیلا جیکسن، کانگریس ویمن ایڈی برنی جونسن کانگریس مین جم بینکس اور اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو ٹیری میزا نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کسی بھی مہذب معاشرے اور حکومت کے لیے قابل قبول نہیں ہے اور وہ ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے آواز بلند کریں گے اور انہیں اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ یو نائیٹڈ نیشنز کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا مسلمہ حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے اور کشمیریوں کو دنیا کے تمام انسانوں کی طرح اپنی مرضی سے جینے کی آزادی حاصل ہونی چاہیے۔

کشمیر کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جس پر پوری دنیا کو کشمیریوں کا ساتھ دینا چاہیے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کو کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا پاکستان نے اپنی کامیاب سفارتکاری کے ذریعے کشمیریوں پر جاری مظالم سے دنیا کو آگاہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بھارت کا جمہوریت کی آڑ میں چھپا اصل ہندوتوا کا چہرہ سب کو نظر آنے لگا ہے۔

اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب کا کہنا تھا کہ کشمیری گزشتہ بہتر سالوں سے اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور اب وہ وقت دور نہیں کہ کشمیری اپنی آزادی کی منزل کو جلد پالیں گے۔

ہیوسٹن کے کونسل جنرل ابرار ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا اس موقع پر یوکے سے جناب لارڈ نذیر احمد، سینیٹر شاہین بھٹ،ممتاز صحافی مظہر برلاس ،معروف کمیونٹی لیڈر جناب عبدالحفیظ خان، ڈپٹی قونصل جرنل عرفان اللہ خان پاک پیک کے صدر جناب کامران راو، پی ۔ایس۔ این ٹی۔ کے صدر جناب عابد ملک، کشمیری ایکٹویسٹ محترمہ رفعت وانی طاہر خواجہ، انجینئر رضوان اسلم، زبیر حبیب، عبدالحمید لون ،مبشر وڑائچ اور راجہ نجابت حسین کے ساتھ ساتھ صحافیوں اور کمیٹی رہنماؤں کی ایک بہت بڑی تعداد نے ویبنار کو اٹینڈ کیا۔

شرکاء نے اس امر کا اظہار کیا کہ بھارت جارحیت اور ظلم و بربریت کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی سلب نہیں کرسکتا اور پوری دنیا میں موجود پاکستانی اور کشمیری ڈائسپورا ہر حوالے سے مظلوم کشمیریوں کی آواز بن کے دنیا کے ایوانوں کو اس بات پر مجبور کردے گا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے تاکہ کشمیری اپنی دھرتی پر آزادی اور سکون کا سانس لے سکیں۔