آمنہ شیخ کی دوسری شادی کی تصدیق

August 10, 2020

پاکستانی سُپر ماڈل و اداکارہ آمن شیخ نے سعودی شہری عمر فاروقی سے دوسری شادی کی تصدیق کردی۔

آمنہ کے دوسرے شوہر عمر فاروقی معروف بزنس مین ہیں جو کوڈ مائنڈز کمپنی کے بانی ہیں۔


اداکار کی جانب سے 8 اگست کو انسٹاگرام پر بغیر کسی کیپشن کے ایک تصویر شیئر کی۔ شیئر کردہ تصویر پر تین ہاتھوں کے اوپر 2 انگوٹھیاں رکھی ہوئی ہیں، تصویر میں چھوٹا ہاتھ ان کی بچی کا معلوم ہوتا ہے جبکہ انگوٹھیوں میں سے ایک خاتون اور دوسری مرد کی انگوٹھی ہے۔

اس پوسٹ پر ساتھی اداکاروں کی جانب بے شمار مبارکباد کے پیغامات سمیت نیک تمناؤں کے پیغام شیئر کئے جارہے تھے۔

آمنہ شیخ کی دوسری شادی کے حوالے سے چہ مگوئیوں نے زور پکڑا ہوا تھا تاہم اداکارہ خاموش رہیں اور فوری طور پر کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

اب اداکارہ نے مبارکباد سمیت نیک تمناؤں اور دعائیہ پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ ایک نوٹ کے ذریعے کیا۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اور ان کے شوہر عمر فاروقی تمام لوگوں کی نچھاور کردہ محبتوں کی تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔


آمنہ نے لکھا کہ ’ہمیں اب بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ ہمارا حامی ناصر ہو۔(آمین)‘

پیغام کے آخر میں انہوں نے ’آمنہ آور عمر فاروقی‘ بھی لکھا جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ پیغام ان دونوں کی جانب سے تمام چاہنے والوں کیلئے ہے۔


آمنہ نے اپنے شوہر اور بیٹی میسا کا ایک فوٹو کولاج بھی شیئر کیا جس میں لباس میں ملبوس آمنہ، عمر فاروقی اور ان کی بیٹی میسا نے سفید پھول ہاتھ میں تھام رکھے ہیں۔

خیال رہے کہ محب مرزا اور آمنہ شیخ کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی اور گزشتہ برس محب مرزا نے ایک پروگرام میں اس کی تصدیق کی تھی۔

محب مرزا اور آمنہ شیخ نے 2005 میں شادی کی تھی اور شادی کے 10 برس بعد اگست 2015 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

محب مرزا اور آمنہ شیخ نے ایک ساتھ کئی پراجیکٹس کیے، جن میں ڈرامہ ’ہم تم‘ اور ’میرا سائیں‘شامل ہیں جبکہ دونوں کوان کی فلم ’لمحہ‘ کی وجہ سے بھی یاد کیاجاتا ہے۔