’یہاں جہالت اور حماقت کی کوئی حد نہیں‘

August 10, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار احمد علی نے بٹ شجر کاری مہم کے دوران لگائے گئے پودوں کو اکھاڑنے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جہالت کی کوئی انتہا نہیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار نے افسوسناک واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہاں جہالت اور حماقت اپنے عروج پر ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا انسان کے ہاتھوں تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔



انہوں نے اس منظر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایسی حرکت کرنے والے تمام لوگوں کو سخت سزا دی جانی چاہئے۔‘

وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اس واقعے کے بارے میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر جو ویڈیو وائرل ہے یہ واقعہ سابقہ قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں واقع آیا ہے۔

فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم ہونے کے بعد اب خیبر صوبے کا ضلع بن گیا ہے۔ اس ضلعے کی تحصیل میں باڑہ میں ایک علاقہ منڈی کس ہے جہاں کچھ افراد شجرکاری مہم میں لگائے گئے درخت اکھاڑتے نظر آرہے ہیں۔

ملک امین اسلم کے مطابق ان میں سے ایک شخص نے حکومت کو حقائق درست نہیں بتائے اور شجرکاری سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ اس شخص نے حکومت سے یہ بات پوشیدہ رکھی کہ جس زمین سے متعلق وہ حکومت کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے جا رہا ہے وہ دراصل متنازع جگہ ہے۔

ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیا گیا ہے اور زمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جب یہ تقریب جاری تھی تو دوسرے قبیلے کے کچھ افراد آئے اور انھوں نے وہاں مقامی ایم این اے کو بھی بتایا کہ یہ جگہ متنازع ہے یہاں شجر کاری نہ کی جائے مگر جب ان کی نہ سنی گئی تو پھر انھوں نے اشتعال میں آ کر وہ درخت ہی اکھاڑ دیے۔

ملک امین اسلم کے مطابق ’یہ فریقین کا باہمی مسئلہ تھا اس میں درختوں کا کوئی قصور نہیں تھا۔ تاہم اس واقعے میں صرف آٹھ یا دس درختوں کا نقصان ہوا ہے۔‘

ان کے مطابق اب یہ معاملہ طے پا گیا ہے اور کل ٹھیک اس جگہ پر دوبارہ درخت لگا دیے جائیں گے جہاں سے ان کو اکھاڑا گیا تھا۔

ٹوئٹر پر بھی اس واقعے کی ویڈیو خوب وائرل ہوئی اور صارفین کی بڑی تعداد اس پر بھی اپنا ردعمل بھی دے رہی ہے۔