ماہرہ کا زندگی کی سانسوں سے متعلق معنی خیز پیغام

August 10, 2020

پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر زندگی کی ہر سانس کی اہمیت سے متعلق ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا ہے جسے اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے ۔

ماہرہ خان نے فوٹو، ویڈیو ز شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک خوبصورت آدھے چہرے کی تصویر شیئر کی ہے، تصویر شیئر کرتے ہوئے ماہرہ خان نے زندگی سے متعلق ایک گہرا پیغام بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے ہر سانس کی قدر اور اس کی اہمیت کی بات کی ہے ۔

ماہرہ خان کا اپنی انسٹا پوسٹ میں کہنا ہے کہ ’جب اُنہیں پہلی بار اپنی ہر سانس کا خیال رکھنے کا کہا گیا تھا تو اُنہیں یہ بات مکمل طور پر سمجھ نہیں آئی تھی، اُن کے خیال میں اب اُنہیں اس بات کی سمجھ آ گئی ہے ۔‘


ہر دلعزیز ماہرہ خان نے لکھا کہ ’شاید اس کا مطلب یہ ہے کہ جب آپ ہر بار سانس لیتے ہیں تو اپنی زندگی کو محسوس کرتے ہیں، آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ زندہ ہیں، جب آپ سانس اندر کھینچتے ہیں تو محسوس کرتے ہیں کہ آپ زندہ ہیں، جب آپ اپنی سانس باہر نکالتے ہیں تو محسوس کرتے ہیں کہ آپ زندہ ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’ذرا تصور کریں کہ آپ ہر لمحے زندہ رہنے کے بارے میں آگاہ ہوں، اگر ہم اس بات کا اعتراف کر لیں تو ہم اپنی زندگی سے محبت کرنا شروع کر دیں گے اور زندگی جینے کا طریقے بھی بدل لیں گے۔‘

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ زندگی کا احساس ہونے سے ’ہم ایک دوسرے کا خیال رکھنا شروع کر دیں گے، اپنے لفظوں کا چناؤ احتیاط سے کریں گے، اپنی زندگی کی اور اپنے ہر سانس کی عزت اور قدر کرنا شروع کر دیں گے ۔‘

اس معنی خیز پیغام کے آخر میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’وہ خود بھی ابھی اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔‘

ماہرہ خان کے اس پیغام کو اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے ۔