کورونا وائرس، وبا سے جابس شدید متاثر، فاضل قرار دیئے گئے سٹاف میں پانچ گنا اضافہ

August 11, 2020

لندن (پی اے) برطانیہ میں کورونا وائرس کی وبا سے جابس شدید متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں فاضل قرار دیئے گئے سٹاف کی تعداد میں پانچ گنا اضافہ ہوگیا۔ بی بی سی شو کو ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق 20 یا زائد ملازموں کو فارغ کرنے کے لئے حکومت کو مطلع کرنے والی فرمس کی تعداد میں گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں پانچ گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ فریڈم آف انفارمیشن کے تحت دی گئی درخواست پر موصولہ اعدادوشمار کے مطابق انگلینڈ، ویلز اور سکاٹ لینڈ میں جون کے مہینے میں 1778 فرمز نے بتایا تھا کہ وہ 139000ملازمین کو فارغ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔اس کے برخلاف جون 2019 میں 345 فرمش نے 24000 جابس ختم کرنے سے آگاہ کیا تھا۔ ملازمتوں میں یہ کٹوتی اس وقت ہوئی ہے جب کورونا وائرس نے برطانیہ کی ایک چوتھائی اقتصادی پیداوار کا خاتمہ کر دیا ہے۔ ان اعدادوشمار سے بزنسز کے اندرونی حالات سامنے آئے ہیں کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کے بعد فاضل قرار دیئے گئے سٹاف کی تعداد میں کتنی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ایئر بس، رائل میل، ایئرپورٹ سروسز گروپ سوئس پورٹ، ایچ ایس بی سی، سینٹریکا اور ریسٹورنٹ گروپ، فریکیز اور بینیز کے اونرز ان بزنسز میں شامل تھے، جنہوں نے جون میں ملازمین فارغ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ ایسی فرمز جو 20 یا زائد ملازمیں کو فاضل قرار دینے کی خواہشمند ہوں، انہیں ایک فارم بھر کر حکومت کو آگاہ کرنا ہوتا ہے، جسے ایچ آر 1 ایڈوانس نوٹس آف ریڈنڈنسی کہا جاتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ فار ایمپلائمنٹ سٹڈیز کے ڈائریکٹر ٹونی ولسن نے کہا ہے کہ مجھے توقع تھی کہ جولائی میں اور بعدازاں اگست میں فاضل قرار دیئے جانے والے ملازمین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ ایسی متعدد فرمز موجود ہیں جنہوں نے جولائی کے پہلے ہفتہ اور اگست کے آغاز میں سٹاف کی ایک بڑی تعداد کو فاضل قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔