معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی 20 ویں برسی 13 اگست کو منائی جائے گی

August 11, 2020

ہیلی فیکس( زاہد انور مرزا) معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی 20ویں برسی 13اگست کو منائی جائے گی۔ نازیہ حسن نے کینسر جیسےموذی مرض کے باعث وفات پائی۔ نازیہ حسن3اپریل 1965ء کو پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنا بچپن اور نوجوانی کراچی اور لندن کے تعلیمی اداروں میں گذاری۔ 1980ء میں وہ 15برس کی عمرمیں گلوکاری کی دنیا میں آئیں اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں، انہوں نے بھارت کے معروف فلم ساز فیروز خان کی فلم ’’قربانی‘‘ میں ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے‘‘ گانا گایا۔ نازیہ حسن نے سرکاری ٹی وی ، پی ٹی وی پر متعدد پروگرام اور ٹی وی کمرشلز میں بھی کام کیا اور بہت شہرت پائی۔ نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے پاکستانی نوجوان نسل کے ساتھ بیرون ملک بھارت ، امریکہ ، عرب امارات، لاطینی امریکہ سمیت دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی اسی وجہ سے نازیہ حسن کو پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ نازیہ حسن 13اگست 2000کو لندن کے ایک ہسپتال میں وفات پاگئیں۔ ان کی عمر 35 برس تھی۔ نازیہ حسن کو پرائڈ آف پرفارمنس، بیسٹ فی میل پلے بیک ،15گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔