قونصلیٹ جنرل مانچسٹرمیں14اگست کو تقریب نہیں ہوگی، طارق وزیر

August 11, 2020

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل)پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14اگست کی تقریب کا انعقاد قونصلیٹ جنرل مانچسٹر میں نہیں کیا جائے گا بلکہ قونصلیٹ جنرل کے اسٹاف ممبران پرچم کشائی کریں گے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان اور صدر پاکستان کے پیغام میڈیا کو جاری کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا دن پوری پاکستانی قوم کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے مگر حالات کا تقاضا ہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈون کے سبب احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، انہوں نے کہا کہ نارتھ ویسٹ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، حکومت کی جانب سے مقامی سطح پر منی لاک ڈائون لگا ہوا ہے، NHS اور حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز برطانیہ کے ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہینکوک نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ گریٹر مانچسٹر،لنکاشائر، ویسٹ یارک شائر میں پچھلے ہفتے سے کورونا وائرس کی وجہ سے مقامی سطح پر لاک ڈاؤن 14 اگست تک جاری رہے گا۔ طارق وزیر نے پاکستانی کمیونٹی سے درخواست بھی کی کہ یوم آزادی پاکستان اپنے گھروں میں فیملی کے ساتھ منائیں اور خاص طور پر اپنے بچوں کو قیام پاکستان کے بارے بتایا جائے کہ پاکستان بے شمار قربانیاں دینے کے بعد معرض وجود میں آیا تھا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا جائے جنہوں ایک علیحدہ ریاست کے قیام کے لیے کوشش کرکے پاکستان بنایا جس کے سبب آج ہم ازادی کے ساتھ اس ملک پاکستان میں خود مختار قوم کی حیثیت سے رہ رہے ہیں۔