پورٹ لینڈ میں مظاہروں نے فسادات کی شکل اختیار کر لی

August 11, 2020

نیویارک ( آن لا ئن ) امریکہ میں مظاہرین نے امریکی شہر پورٹ لینڈ پولیس ایسوسی ایشن کی عمارت کوآگ لگا دی۔امریکی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد مقامی پولیس نے ان مظاہروں کو فسادات قرار دے دیا۔ آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا۔پورٹ لینڈ میں مظاہروں کا سلسلہ 25 مئی سے جاری ہے جب منی ایپلس میں پولیس کی تحویل میں ایک سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی موت واقع ہوئی تھی۔واقعے کے بعد نسل پرستی کے خلاف نہ صرف امریکہ بھر میں، بلکہ دنیا کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے۔گزشتہ روز کے مظاہرے میںمشتعل مظاہرین نے وفاقی عدالت کی عمارت کے چاروں طرف لگی باڑھ کو اکھاڑ پھیکا۔ امریکی اٹارنی جنرل کے دفتر سے جاری ہونے والی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ باڑ اس لیے لگائی گئی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں اور مظاہرین کے درمیان کشیدہ صورت حال سے بچا جا سکے۔امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی اور پورٹ لینڈ سے ایوان کے رکن ارل بلو مینیور نے ایک بیان میں وفاقی حکام کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس پھینکنے اور انہیں گرفتار کرنے کے اقدامات پر تنقید کی ہے۔