سمن کوویل بائیک سے گرگئے، کمر کی ہڈی ٹوٹنے پر ہسپتال داخل

August 11, 2020

لندن (پی اے) 60 سالہ’’ ایکس فیکٹر‘‘ سپریمو سمن کوویل ایک نئی الیکٹرک بائیک سے گر کر زخمی ہوگئے جسے وہ مالیبو میں واقع اپنے مکان پر ٹیسٹ کر رہے تھے۔ ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ کوویل جو کہ اس وقت اپنی فیملی کے ہمراہ تھے، ان کی کمر میں سخت ضرب آنے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا ۔ انہوں نے تصدیق کی کہ سمن کی کمر کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے جس کی شام کے وقت سرجری کی گئی۔ خاتون ترجمان نے قبل ازیں بتایا تھا کہ حادثہ کے بعد وہ بہتر ہیں ، انہیں آبزرویشن میں رکھا گیا ہے اور ماہر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم انکی نگہداشت کر رہی ہے۔ خیال ظاہر کیا گیا کہ سرجری لاس اینجلس کے وقت کے مطابق ہفتہ کی شام کی گئی۔انٹرٹینمنٹ مغل کوویل کا ایک 6 سالہ بیٹا ہے جوکہ اس وقت ان کی پارٹنر لارین سلور مین کے پاس ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کوویل نے ٹی وی پروگرامز بشمول برطانیہ کے ’’ گوٹ ٹیلنٹ ‘‘ اور ’’ دی ایکس فیکٹر ‘‘ میں سونی میوزک انٹرٹینمنٹ کا سٹیک خرید لیا ہے۔ اس خبر کو ان معنوں میں دیکھا گیا کہ میوزک مغل نے دی ایکس فیکٹر اور گوٹ ٹیلنٹ پروگرامز کے تمام انٹرنیشنل ورژن کی ملکیت حاصل کر لی ہے۔ گوٹ ٹیلنٹ فارمیٹ 76 مارکیٹوں میں نشر ہوتا ہے جبکہ دی ایکس فیکٹر 130 سے زائدممالک سے نشر ہوتا ہے۔ سونی میوزک وینچر کے شیئرز سائیکو انٹرٹینمنٹ کو منتقل ہو گئے ہیں جو کہ مکمل طور پر کوویل کی ملکیت ہے۔