یوم آزادی منانے کا مقصد پاکستانیت کو اجاگر کرنا ہے، نوید امان اللہ

August 11, 2020

لندن(ودود مشتاق) پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے لندن میں ایک مشاعرے کا اہتمام کیاگیا جس میں شعرا کرام نے اپنے کلام پیش کئے ۔ اس مشاعرے کا اہتمام ادبی تنظیم محفلِ فکر و فن نے کیا تھا ۔تقریب میں ڈاکٹر صوفیہ، فرزانہ راحت اور پاکستان سے آئے ہوئے مہمانِ خصوصی نوید امان خان نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج گھٹن کے اس ماحول میں یومِ آزادی کو اس انداز میں منانے کا مقصد پاکستان اور پاکستانیت کو اجاگر کرنا اور اسکا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے۔ شاعر اور ادیب احسان شاہد چوہدری نے کہا کہ چودہ اگست محبتوں اور امن کا دن ہے۔ اس دن کو پوری دنیا میں پاکستانی پورے جوش و جذبے سے مناتے ہیں تاکہ آزادی کی نعمت سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔ کونسلر راجہ الیاس نے کہا کہ ہر سال یوم آزادی کے موقع پر ہائیڈ پارک میں اس مشاعرے کا انعقاد ہمیں آزادی کی نعمتوں کا احساس دلاتا ہے اور ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں آزادی سے مالا مال کیا۔ نوید امان خان نے کہا کہ آج جب پاکستان کے خلاف مختلف طبقات سرگرمِ عمل ہیں ایسے میں اسطرح کے مشاعرے پاکستان کی سفارتکاری کا کام سر انجام دیتے ہیں۔ شرکا نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کےلئے بنا ہے اور انشاللہ قائم رہے گا۔ اس موقع پر یومِ آزادی کے حوالے سے لیک ڈسٹرکٹ میں 21 اگست کو قومی مشاعرہ کرانے کا بھی اعلان کیا گیا۔