بارشوں سے ٹرینوں کا شیڈول متاثر ،مسافر پریشان

August 11, 2020

لاہور ( جنرل رپورٹر ) کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے ریلوے سسٹم پر لاہور سے کراچی اور کوئٹہ جانے اور آنے والی مسافر ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا ہے ۔گزشتہ روزراولپنڈی سے روانہ ہوکر کراچی جانے والی تیز گام لاہور سے دوپہر ایک بجکر 15 منٹ کی بجائے سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی ۔ کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی مسافر ٹرینیں بھی تقریبا 5گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں جبکہ ڈی سی او لاہور ڈویژن شیریں حنا اصغر کے مطابق کراچی ڈویژن سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے اپ اور ڈائون کی گاڑیاں متاثر ہیں ۔جبکہ باقی تمام گاڑیاں اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں۔