قیدیوں کیلئے انصاف کے عالمی دن پر آن لائن سیمینار

August 11, 2020

لاہور(خبرنگارخصوصی) قیدیوں کے لیے انصاف کے عالمی دن کے موقع پر جسٹس پراجیکٹ پاکستان کے زیراہتمام ایک آن لائن سیمینار منعقد کیا گیا جس میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے کرسٹن چنگ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سینئر مشیر برائے پالیسی ریسرچ دیویا ائیر، ڈاکٹر انوپ سرندرناتھ اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے گفتگو کی ۔ اس موقع پر ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت ہر پاکستانی خواہ وہ قید میں ہو یا آزاد شہری کی حیثیت سے زندگی گزار رہا ہو، کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جیلوں میں اصلاحات کے لیے دو اعلیٰ سطحی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں ہمیں قیدیوں سے متعلق اپنا نقطہ نظر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ معمولی جرائم کے ملزمان کو قید کے علاوہ دوسری سزائیں دینے اور ضمانت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیئں۔ دیگر شرکاء نے جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں، سہولیات کے فقدان، وسائل کی کمیابی اور قیدیوں کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لیے اقدامات کی کمی کی نشاندہی کی۔