سابق وائس چانسلر پروفیسر حسین مبشر انتقال کر گئے

August 11, 2020

لاہور(جنرل رپورٹر) ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی لاہور کے پہلے وائس چانسلر پروفیسر ملک حسین مبشر پیر کے روز اسلام آباد میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 75 سال تھی۔ پروفیسر مبشر 2003 سے 2012 تک یو ایچ ایس کے وائس چانسلر رہے۔ ان کا شمار عالمی سطح کے نفسیات دانوں میں ہوتا تھا ۔ پروفیسرمبشر نے بطور پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج بھی خدمات سرانجام دیں ۔ انکی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز اورہلال امتیاز کے اعزازات سے نوازا ۔ پروفیسر ملک حسین مبشر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی رہے۔ انہوں نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے اور پانچ بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔ یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم، فیکلٹی اور سٹاف نے پروفیسر مبشر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے میڈیکل کے شعبے کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ یو ایچ ایس کیلئے پروفیسر ملک حسین مبشر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔