اداروں میں سیاسی مداخلت زیرو کی پالیسی پر گامزن ہیں ،گور نر پنجاب

August 11, 2020

لاہور ( نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہم اداروں میں سیاسی مداخلت زیر و کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ زندگی میں کچھ بھی نا ممکن نہیں ہوتا محنت ضروری ہے۔ موٹر وے پولیس میں شفافیت اور میرٹ پر قوم کو فخر ہے۔ وہ پیر کو موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج میں موٹر وے پولیس افسران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر آئی جی موٹر وے پولیس سید کلیم امام سمیت موٹر وے پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے ، گور نر پنجاب نے موٹر وے پولیس کالج میں شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے پودا بھی لگایا، شہداء موٹر وے پولیس کی یادگار پر حاضری دی اور موٹر وے پولیس ٹر یننگ کالج میں فلٹر یشن پلانٹ بھی لگانے کا اعلان کیا۔ تقر یب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی ملک مضبوط ہوتے ہیں اور تحر یک انصاف جب سے اقتدار میں آئی ہے ہم ملک میں اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ادارے سیاسی مداخلت سے تباہ ہوتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سزا اور جزا کو ہر سطح پر سو فیصد یقینی بنا رہے ہیں۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ سی پیک کہ وجہ سے پاکستان معاشی میدان میں مضبوط ہورہا ہے جس کی تصدیق عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کوپاکستان میں بعض لوگ امریکی سازش بھی کہتے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاون پالیسی کورونا سے بچاؤ کے لیے اہم ثابت ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک کورونا کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک ایس او پیز پرمکمل عمل کر نے کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ موٹر وے پولیس اور ریسکو1122جیسے ادارے قوم کا فخر ہیں جو نہ صرف کر پشن فری ہے بلکہ وہاں میرٹ اورشفافیت کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موڈیز کا پاکستانی ریٹنگ بی 3 اور آ ئوٹ لک مستحکم کرنا حکومتی پالیسیوں کی کامیابی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی شاندار شجر کاری پر عثمان ڈار اور انکی ٹیم کو مبارکباد یتاہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم پاکستان کی بہتری اور آنے والی نسلوں کی سلامتی کیلئے ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران آئی جی موٹر وے پولیس سید کلیم امام نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریبا 25ہزارسے زائد افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہو رہے ہیں اور جب بھی کوئی شخص موٹروے پر سفر کر تا ہے تو ہماری کوشش ہوتی ہے کہ وہ خیر سے اپنے گھر واپس پہنچ جائے، ہم نے موٹر وے پولیس کو مکمل طور پر کر پشن فری بنا دیا ہے۔