صوبائی وزیر تعلیم سے انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن کی ملاقات

August 11, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان سے انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ایک وفدنے سوموار کے روز ان کے دفتر پشاور میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں وفد نے صوبائی وزیر کو تعلیمی میدان میں ان کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ یہ ایسوسی ایشن این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی نمائندہ جماعت ہے اور ان اساتذہ کے جائز حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتی رہتی ہے۔ملاقات میں ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، صوبائی صدر آئی ٹی اے بخت افسر اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر تعلیم نے ان کی تعلیمی جدوجہد کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو قانونی تقاضوں کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ کیونکہ انہی اساتذہ کی بدولت محکمہ تعلیم ترقی کی بلندیوں کو چھو سکتا ہے اور یہ لوگ محکمے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردارادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام مسائل کو محکمے کے دیگر افسران کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا تاکہ ان مسائل کا حل قانونی تقاضوں کے مطابق جلدازجلد نکالا جاسکے۔اکبر ایوب خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے حوالے سے جتنے بھی زیر التوا انکوائریاں پڑی ان کا فوراً حل نکلوایا جائے تاکہ غلطیوں کے مرتکب لوگوں کو سزا دی جا سکے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں محکمہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اس ایسوسی ایشن کے بھی نمائیندے شامل ہوںتاکہ مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالا جا سکے۔