کرایوں میں اضافہ‘ تاجروں کو نوٹسز‘سرحد چیمبر کی تشویش

August 11, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر انور پرویز نے ضلعی حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جائیدادوں کے کرایوں میں بے تحاشا اضافہ‘ تاجروں کو بے جا نوٹسز کے اجراء اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے کی آڑ میں گرفتاریاں اور ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جائیدادوں میں کرایوں میں اضافہ اور غیر قانونی نوٹسز کو فوری واپس لیں اور گاہکوں کے ماسک نہ پہنانے پر تاجروں کو ہراساں اور گرفتار کرنے کا سلسلہ بھی بند کیا جائے۔ ان خیالات کا سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے الخدمت تاجران ضلع پشاو ر کے وفد سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ہے۔انور پرویز نے کہا کہ تاجروں کے مسائل اور تحفظات کو سرحد چیمبر کے پلیٹ فارم سے حکومتی ایوانوں اور متعلقہ اداروں اور اتھارٹیز کے ساتھ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے اور ان کے حل کرنے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مطالبات اور خدشات کو متعلقہ اتھارٹیز کو سامنے پیش کریں گے۔