کرایوں میں اضافہ‘ بازار دالگراں کے تاجروں کی احتجاجی ریلی

August 11, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر)انجمن کرایہ داران ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کے زیر اہتمام متاثرہ بازار دالگراں کے تاجروں نے قاسم علی خان مسجد پشاور میں ہنگامی اجلاس کے بعد یونائیٹڈ ٹریڈرز ڈسٹرکٹ پشاور چیئرمین شوکت علی خان،صدر ملک مہر الہی، احسان اللہ مہمند. مرکزی تنظیم تاجران پشاور سیکرٹری اطلاعات شہزاد احمد صدیقی اور دیگر تاجر رہنماوں کی قیادت میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جائیداد کے کرایوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔احتجاجی ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ ادارے نے اس میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ جاری رکھا اور تاجروں کو ہراساںکرنے کی کاروائیاں جاری رکھیں تو کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمے اور انتظامیہ کی ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ساتھ تاجر وفد نے مسئلہ کے حل کے لیے ملاقات کی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ مذاکرات میں ناکامی کی بنا پر ایک تحریری درخواست سیکرٹری بلدیات کے آفس میں گفت و شنید کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے جمع کرا دی گئی۔