سیکورٹی اہلکاروں نے وائٹ ہاؤس کے باہر مشتبہ شخص کو گولی مار دی

August 11, 2020

سیکورٹی اہلکاروں نے وائٹ ہاؤس کے باہر مشتبہ شخص کو گولی مار دی

واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے باہر سیکریٹ سروس گارڈز نےایک مشتبہ شخص کو گولی ماردی، مشتبہ شخص ممکنہ طور پر مسلح تھا۔ زخمی حالت میں گرفتار مشتبہ شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میڈیا بریفنگ میں مصروف تھے، انہیں بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا، وہ بریفنگ چھوڑ کر چلے گئے۔ خفیہ سروس کے ایجنٹ ڈونلڈ ٹرمپ کو باہر لے گئے اور واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا۔

چند منٹ بعد صدر ٹرمپ پریس کانفرنس کے لیے دوبارہ آئے اور کہا کہ وہ فائرنگ سے زخمی شخص کو نہیں جانتے نہ اس کے مقصد کے بارے میں علم ہے۔ جہاں تک میں سمجھتا ہوں گرفتار شخص مسلح تھا۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ وائٹ ہاؤس کے احاطے کے باہر پیش آیا اور یہ سیکورٹی کی ناکامی نہیں۔ صدر ٹرمپ نے امریکا کی خفیہ سروس کی تعریف کی اور کہا کہ یہ بہترین لوگ ہیں۔ سیکرٹ سروس کے ساتھ وہ خود کو بے حد محفوظ سمجھتے ہیں۔

واقعہ کے بعد وائٹ ہاؤس کے باہر پولیس اور خفیہ سروس کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔