بالوں کو گرنے سے روکنے کیلئے مفید 5 وٹامنز

August 11, 2020

خوبصورت، صحت مند، گھنے بال سب ہی کی خواہش ہوتے ہیں خصوصاً خواتین اپنے بالوں کی صحت کے لیے کافی پریشان نظر آتی ہیں، بالوں کی نشونما بہتر اور انہیں گرنے سے روکنے کے لیے 5 وٹامنز نہایت ضروری ہیں جن کے استعمال سے لمبے، گھنے اور چمکدار بال حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔

طبی ماہرین کے مطابق مجموعی صحت اور خوبصورتی کا براہ راست تعلق غذا سے ہوتا ہے، کیمیکل سے لبریز مصنوعات سے زیادہ غذا کا دھیان دینا چاہیے ، بالوں کی صحت کے معاملے میں اگر غذا مناسب نہ ہو تو بالوں کی صحت مہنگے بیوٹی ٹریٹمنٹس سے بھی بہتر نہیں ہوتی ہے ۔

بالوں کے گرنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں خشکی کا ہونا، گریس کا جم جانا، اضافی تیل کا آنا، صفائی کا غیر مناسب ہونا، بالوں کی جڑوں میں زیادہ پسینہ آنا شال ہے۔

اگر مندرجہ بالا مسائل کے نہ ہونے پر بھی بال جھڑ رہے ہیں تو ایک بیماری ’ٹیلوجن ایفلاویئم ‘ بھی ہو سکتی ہے، بالوں کے جھڑنے کی یہ ایک بہت عام سی بیماری ہے جس کا علاج وٹامنز کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

مندرج زیل5 وٹامنز کے استعمال سے آپ اپنے بالوں کے گرنے سے بچا سکتے ہیں:

وٹامن اے

اگر بال روکھے بے جان اور کنگھی کرنے پر ٹوٹتے ہیں تو وٹامن اے کو غذا میں شامل کر لینے سے بالوں میں نئی جان آ جائے گی، وٹامن اے بالوں کی جڑوں میں سیبم کی افزائش کرتا ہے جس سے بال قدرتی طور پر موسچرائز اور نرم رہتے ہیں، وٹامن سے کے استعمال بال لمبے بھی ہوتے ہیں۔

وٹامن اے حاصل کرنے کے لے پالک ، گاجر ، شکر کندی ، دودھ، انڈے، آم ، پپیتا اور تربوز کا استعمال کریں ۔

بائیو ٹن

پتلے بالوں کے لیے بائیوٹن کا استعمال نہایت مفید ہے ، پتلے بالوں کا مطلب بالوں کی صحت کی صوتحال نہایت خراب ہے اور بال مکمل جھڑنے کے دہانے پر ہیں، بائیو ٹن اور وٹامن بی بالوں کو موٹا اور گھنا کرنے کے لیے استعمال کریں ۔

بایوٹن کی کمی کے نتیجے میں خون میں لال خلیے بننے میں مشکلات پیش آتی ہیں، لال خلیے کی کمی کے باعث بالوں کی جڑوں تک آکسیجن کم مقدار میں پہنچتی ہے جس سے بالوں کی صحت خراب ہوتی ہے ۔

بائیو ٹن کی کمی پوری کرنے کے لیے انڈے کی زردی ، بادام ، مونگ پھلی ، اخروٹ ، دودھ ، پنیر اور دہی کا استعمال کرنا چاہیے ۔

وٹامن سی

وٹامن سی کا ہماری صحت میں بہت بڑا کردار ہے، وٹامن سی بالوں، ناخنوں اور جلد کی خوبصورتی کے لیے موزوں وٹامن ہے، وٹامن سی قوت مدافعت مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے، قوت مدافعت کے کمزور ہونے سے مجموعی صحت سمیت بالوں کی صحت بھی خراب ہوتی ہے، روزانہ کی بنیاد پر وٹامن سی کا استعمال ناگزیر ہے ۔

وٹامن سی کی کمی پوری کرنے کے لیے سٹریس پھلوں کا استعمال کرنا چاہیے جن میں مالٹا، موسمی، آملہ، اسٹرابیریز اور لیموں شامل ہیں ۔

وٹامن ڈی

وٹا من ڈی کی کمی سے خواتین میں بالوں کی گرنے والی بیماری ’ ایلو پیشیا ‘ جنم لے سکتی ہے، ایلوپیشیا کے سبب خواتین میں بال تیزی سے گرنے لگتے ہیں، وٹامن ڈی کی صحیح مقدار کے استعمال سے بالوں کی افزائش ہوتی ہے، نئے بال نکلتے ہیں اور بال گھنے ہوتے ہیں ۔

وٹامن ڈی کی حاصل کرنے کے لیے انڈے کی زردی، مچھلی ( سالمن) کھمبیاں ، دلیہ ، سوئے دودھ کا استعمال کرنا چاہیے ۔

وٹامن ای

وٹامن ای بھی تقریباً وٹامن سی کی طرح انسانی جسم میں کام کرتا ہے، وٹامن ای کا استعمال بھی مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے ، وٹامن ای کے استعمال سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں ۔

وٹامن ای حاصل کرنے کے لیے پالک ، بروکولی ، بادام ، مونگ پھلی ، آم اور کیوی کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔