اسفند یار ولی کی مریم نواز کی گاڑی پر پتھراؤ کی مذمت

August 11, 2020

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ن لیگ کارکنوں پر شیلنگ اور پتھراؤ کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں اسفندیار ولی کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ملک کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، تشدد اور آنسو گیس کا استعمال دراصل انتقام ہے۔

اسفندیار ولی نے کہا کہ سیاسی لیڈر کی گاڑی پر پولیس کا پتھراؤ اور حملہ جمہوری نہیں آمریت دور کی نشانی ہے، عمران نیازی نیب کے ذریعے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر ڈرامہ بند ہونا چاہیے، نیب پیشیوں میں اب تشدد بھی کیا جارہا ہے۔

اسفندیار ولی نے مزید کہا کہ عمران نیازی یاد رکھیں، انہیں چھپنے کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔

اے این پی کے سربراہ نے مزید کہا کہ غیرجمہوری اور سیاسی انتقام ملک کی بنیادیں کمزور کررہا ہے۔