ساؤتھمپٹن، پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردیں، ٹیم میں تبدیلی کا امکان کم

August 12, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے ہاتھوں اولڈ ٹریفورڈ میں تین وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں دوسرے ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردیں ۔ میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں تبدیلی کا امکان نہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے دس سالوں میں 88ٹیسٹ میچ باہر بیٹھ کر دیکھے ہیں ان کی واپسی مشکل ہے۔ پاکستانی ٹیم پہلی بار سائوتھمپٹن میں ٹیسٹ کھیلے گی۔ مانچسٹر میں ناتجربہ کار بولنگ نے جیتا ہوا میچ پریشر میں آکر انگلینڈ کو پیش کردیا ۔ جبکہ بیٹنگ لائن کی مایوس کن کارکردگی کا اندازہ اس بات سےلگایا جاسکتا ہے کہ کپتان اظہر علی، اسد شفیق ، عابد علی اور محمد رضوان دونوں اننگز میں مجموعی طور پر126رنز بناسکے۔ 2018کے بعد ایشیا سے باہر اظہر نے نو ٹیسٹ کی 18اننگز میں 11 کی اوسط سے 212رنز بنائے ہیں اس دوارن وہ تین بار صفر پر آئوٹ ہوئے ۔ بطور کپتان اظہر نے سات ٹیسٹ میں 327رنز بنائے ہیں۔ اسد شفیق70لگاتار ٹیسٹ کھیلنے سمیت کل ملاکر 75ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف بر سبین ٹیسٹ میں سنچری کو شامل کرکے انہوں نے 14ٹیسٹ میں755رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں بارہ سنچریاں بنائیں۔ اس دوران پاکستان نے چار ٹیسٹ جیتے چھ ہارے اور دو ڈرا رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ جن دو ٹیسٹ میں مین آف دی میچ قرار پائے ان میں سے ایک ٹیسٹ ڈرا رہا جبکہ ایک ٹیسٹ پاکستانی ٹیم ہار گئی۔ پاکستان کی بولنگ لائن میں یاسر شاہ کے علاوہ تجربے کی کمی ہے۔34سالہ یاسر شاہ نے40 جبکہ محمد عباس، 20سالہ شاہین شاہ آفریدی اور 17سالہ نسیم شاہ نے مجموعی طور پر33ٹیسٹ کھیلے ہیں۔جبکہ انگلینڈ کے کرس ووکس اکیلے36ٹیسٹ کھیل چکے ہیں۔ فاسٹ بولنگ جوڑی جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے مشترکہ طور پر 1200سے زائد وکٹیں حاصل کی ہوئیں ہیں۔