ﷲ معاف کرنیوالا ہے، یاسر حسین کا صبا قمر اور بلال سعید کی معافی پر ردعمل

August 12, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی اداکار و میزبان یاسر حسین کا اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی مسجد میں فلمائی گئی میوزک ویڈیو پر مانگی گئی معافی پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ﷲ نے ان کی معافی قبول کر لی ہوگی کیوں کہ وہ معاف کرنے والا ہے۔

یہ بھی دیکھیے: صبا قمر اور بلال سعید کا گانا ’قبول ہے‘

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گانے کی عکس بندی کے لیے تاریخی مسجد وزیرخان میں موجود تھے۔

صبا اور بلال کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حکومت سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر دونوں فنکاروں کی جانب سے وضاحت دیتے ہوئے لوگوں کی دل آزاری ہونے پر معافی مانگ لی گئی تھی ۔صبا قمر اور بلال سعید کی جانب سے مانگی گئی عوام سے معافی پر اب یاسر حسین کی جانب سے رد عمل سامنے آیا ہے۔

یاسر حسین نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی اور ساتھ میں صبا قمر اور بلال سعید کو ٹیگ بھی کیا ہے۔یاسر حسین کا اپنی اسٹوری میں کہنا تھا کہ ’صبا قمر اور بلال سعید کی معافی ﷲ نے ضرور قبول کر لی ہو گی کیوں کہ ﷲ معافی قبول کرنے والا ہے۔

اداکارہ یاسر نے مزید کہا کہ ’عجیب بات ہے کہ ﷲ کے کچھ بندے صرف ٹوئٹ اور ری ٹوئٹ ہی کرتے ہیں۔‘اداکار یاسر کی یہ اسٹوری صبا قمر کی جانب سے بھی اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی، جس میں صبا قمر کا یاسر کو دعا دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ صداخو ش رہو۔‘

دوسری جانب گلوکار بلال سعید کی جانب سے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اُن فنکاروں کا شکریہ ادا کیا گیا ہے جنہوں نے اُن کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ۔