فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین اداکاری کرنے کے لیے تیار

August 12, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی مشہور فیشن ڈیزائنر حسن شہر یار یاسین اداکاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مشہور فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی قسمت آزمانے والے ہیں۔یاد رہے کہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد گلوکار اور ماڈلز مشہور ہونے کے بعد ڈرامہ انڈسٹری میں بھی اپنی قسمت آزماتے ہیں۔ایچ ایس وائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ایچ ایس وائے نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ساتھ میں انکشاف کیا ہے کہ وہ بہت پر جوش محسوس کر رہے ہیں اس اعلان کرنے کے لیے وہ ٹی وی پر اداکاری کا آغاز کرنے والے ہیں۔شہر یار منور یاسین نے اپنے پہلے ڈرامے کا نام بھی اپنی پوسٹ میں لکھا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شہر یار منور یاسین اپنے پہلے ڈرامے میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ مایا علی کے ساتھ نظر آ ئیں گے ۔دوسری جانب پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے گزشتہ دنوں 3 سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کا اعلان کیا تھا۔اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے نئے ڈرامے ’پہلی سی محبت‘ کے اسکرپٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ شہر یار منور یاسین ایک اچھے میزبان تو ثابت ہو ہی چکے ہیں اور وہ اب پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔