میٹرو بس آج سے چلے گی ، ایس او پیز جاری

August 12, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس شروع کرنے کیلئے ایس او پیز جاری ہوگئے۔کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث 23مارچ سےبندمیٹرو بس سروس آج بحال ہوجائے گی۔ سیکرٹری پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے 10نکاتی ایس او پیز کے ساتھ سروس کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت میٹرو سروس کے سٹاف اور مسافروں کے درمیانی جسمانی رابطے پر سختی سے پابندی ہو گی، ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔میٹرو سٹیشنوں کے بورڈنگ کاؤنٹرز اور پلیٹ فارموں کے درمیان مسافروں میں کم سے کم 3فٹ کا فاصلہ یقینی بنایا جائے گا۔ جڑواں شہروں کے درمیان اپنا ہر چکر پورا کرنے کے بعد ہر بس کی ڈس انفیکشن کی جائے گی،ڈیوٹی پر موجود تمام سٹاف کے لئے ماسک اور دستانے پہننا لازمی ہو گا،بسوں کی کھڑکیاں ہوا کی آمدورفت کے لئے کھلی رہیں گی،بسوں میں داخلہ سے قبل تمام مسافروں کے لئے ہینڈ سیناٹائزر کا استعمال لازمی ہو گا۔،طبیعت کی خرابی یا بخار کی صورت میں سٹاف کو کسی قسم کی سروسز کی اجازت نہیں ہو گی۔