لڑکی سے نازیبا حرکات اور ویڈیو بنانے کےدو ملز موں کی ضمانت خارج

August 12, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ، سٹاف رپورٹر ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عبدالقیوم بھٹہ نے تھانہ وارث خان کے علاقہ میں جواں سال لڑکی کو بے لباس کر کے نازیبا حرکات کرنے اور ویڈیو بنانے کے الزام میں ملوث دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کر دیں جنہیں پولیس نے فرار کی کوشش ناکام بناکر گرفتار کر لیا۔گزشتہ روز ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو بلاوے کے باوجود ارسلان اور محسن عدالت میں پیش نہ ہوئے، اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کیخلاف درج مقدمہ میں دفعہ 354-Aکا بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت خارج کردی عدالتی حکم کی اطلاع پاتے ہی دونوں ملزم بھاگ دوڑے تاہم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں قابو کر لیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ملزمان ضمانتیں خارج ہونے پر احاطہ عدالت سے فرار ہوئے جنہیں وارث خان پولیس نے فوری ریڈ کر کے گرفتار کر لیا۔ ایس پی راول نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں ارسلان عرف آنی اور محسن شامل ہیں۔ایس پی نے مزید بتایا کہ واقعہ میں ملوث تینوں ملزمان کو پولیس گرفتار کر چکی ہے جبکہ تھانہ بنی میں بچے سے زیادتی کی کوشش کے مقدمہ میں بھی انہی ملزمان کی ضمانت خارج ہو گئی ہے، ملزمان کو آئندہ عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔