چوری ڈکیتی، رہزنی اور وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ،رپورٹ جاری

August 12, 2020

پشاور( کرائم رپورٹر )کیپٹل سٹی پولیس نے ضلع پشاور میں گذشتہ 10سالوں سے ہونیوالے جرائم کی شرح سے متعلق رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق رواں سال 2020میں قتل مقاتلے، اغواء برائے تاوان، چوری ڈکیٹی، رہزنی اور دیگر وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ایف آئی آرکے اندراج ، ڈی آرسی کے قیام اور پولیس کی 24گھنٹے پٹرولنگ کے باعث جرائم کے گراف میں کمی کیساتھ ساتھ پشاور امن کا گہوارہ شہر بن چکا ہے۔ گزشتہ روز ملک سعد شہیدپولیس لائن میں ضلع پشاور میں جرائم کی 10 سالہ رپورٹ کے اجراءاور کرونا وائرس سے متعلق صحافیوں کی فرنٹ لائن پر گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سی سی پی او محمد علی گنڈا پور اورایس ایس پی آپریشن منصور امان پشاور پریس کلب، خیبر یونین آف جرنلٹس اور کرائم اینڈ ٹیراررزم جر نلسٹ فورم کے ممبران نے کثیر تعدادمیں شرکت کی، اس موقع پر سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے صحافی حضرات کی جانب سے کرونا وائرس کیخلاف جاری جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے کرائم رپورٹر ز کا شکریہ ادا کیا ۔