شہری دفاع کا سب سے بڑی شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ

August 12, 2020

پشاور(نامہ نگار)محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری، خیبر پختونخوا کے زیر انتظام قائم ادارہ ، شہری دفاع کے رضاکاروں کی جانب سے سب سے بڑی شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت صوبے کے تمام 35اضلاع میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جائینگے۔ سول ڈیفنس، خیبر پختونخوا شجرکاری مہم "ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے خطے کو شہری دفاع، خیبر پختونخوا کے ساتھ ملکر بچائیں"کے سلوگن کے تحت 14اگست یوم آزادی پاکستان سے شروع کر رہی ہے۔مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے فہد اکرام قاضی، ڈائریکٹر سول ڈیفنس کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی سے ترقی پذیر ممالک بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی سے موسمیاتی تبدیلیاں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے شہری دفاع کے رضاکار میدان میں کود پڑے ہیںاور ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے گلیشیائی خطرات سے دوچار اضلاع میں کثیر تعداد میں پودے لگائے کے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔