ہزاروں قدرتی سفید اور سیاہ ہیروں اور سونے سے بنا ماسک

August 12, 2020

تین ہزار 607 قدرتی سفید اور سیاہ ہیروں اور سونے سے بنا ماسک

ایک ماہر ڈیزائنر نے چینی ارب پتی کے لیے 1.5ملین ڈالر کا دنیا کا سب سے مہنگا ترین ماسک تیار کرلیا۔

کورونا وائرس کی جان لیوا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور خطرناک وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ماہرین کی جانب سے ہر شخص کو ماسک پہننے کی سختی سے ہدایت کی جا رہی ہے۔ ماسک کے اس استعمال کی وجہ سے جہاں اس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے وہیں نت نئے ڈیزائن کے منفرد ماسک مقبول ہو رہے ہیں۔

چینی شہر شنگھائی کے ایک ارب پتی نے اسرائیلی جیولری کمپنی کو دنیا کا سب سے مہنگا اور نایاب کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک کا آرڈر دیا جسے 18 قیراط کے 250 گرام سونے سے بنایا گیاہے اس میں ہیرے بھی جڑے ہوئے ہیں۔3 ہزار 607 قدرتی سفید اور سیاہ ہیروں سے بنے اس ماسک میں این 99 فلٹر کا نظام بھی موجود ہو گا، جو کورونا وائرس سے مکمل طور پر بچائے گا۔

اس ماسک کی قیمت ڈیڑھ ملین ڈالر ہوگی جو حقیقی طور پر دنیا کا مہنگا ترین ماسک ہے۔جیولر کمپنی کے مطابق امریکا میں مقیم چینی بزنس مین نے اس انتہائی مہنگے ماسک کا آرڈر دیتے ہوئے 3 شرائط بھی رکھی ہیں جس میں ماسک کا امریکی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی اور یورپی معیارات کے مطابق ہونا، ماسک 31 دسمبر تک ڈیلیور کرنا اور تیسری شرط ماسک دنیا کا مہنگا ترین ماسک ہو۔

ڈیزائنر نے بتایا ہے کہ ماسک کو تیار کرنے کے لیے 25 جوہریوں کی ایک ٹیم بنائی گئی ہے جو شفٹوں میں کام کر رہی ہے تاکہ 31 دسمبر تک اس آرڈر کو ڈیلیور کردیا جائے۔