کورونا کے باوجود ڈیوائن جونسن سب سے زیادہ کمائی کرنیوالے اداکار

August 13, 2020

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کی معیشت اور کاروبار میں فرق دیکھا گیا، وہیں شوبز انڈسٹری کی بھی کمائی کم دیکھی گئی۔تاہم اس باوجود کئی شوبز شخصیات مختلف منصوبوں میں کام کرنے کے باعث رواں سال بھی ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب گئے اور ایسی شخصیات میں سابق ریسلر اور ہولی وڈ کے ایکشن ہیرو ڈیوائن جونسن بھی شامل ہیں۔کورونا کے باعث اگرچہ رواں سال ڈیوائن جونسن کی کمائی میں بھی نمایاں کمی ہوئی، تاہم اس باوجود وہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار رہے۔معروف اقتصادی جریدے فوربز کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 2020 کے 10 اداکاروں کی فہرست میں ڈیوائن جونسن رواں سال بھی پہلے نمبر پر رہے۔ڈیوائن جونسن گزشتہ سال بھی 8 کروڑ 94 لاکھ امریکی ڈالر کمائی کے ساتھ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے پہلے اداکار رہے تھے۔فوربز کی فہرست کے مطابق سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 10 اداکاروں میں ایک بولی وڈ اور ایک ہانگ کانگ کے اداکار بھی جگہ بنانے میں کامیاب گئے ہیں۔ سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں میں دسویں نمبر پر چینی نژاد ہانگ کانگ کے اداکار جیکی چن رہے، جنہوں نے گزشتہ ایک سال میں 4کروڑ امریکی ڈالر کمائے۔فہرست میں نویں نمبر پر 4 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کمائی کے ساتھ کامیڈین ایڈم سینڈلر رہے۔سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 8 ویں اداکار ول اسمتھ رہے، جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران 4 کروڑ 45 لاکھ امریکی ڈالر کمائے۔