لاہور انٹرنیشنل چلڈرن فیسٹیول، 16زبانوں کی 158فلمیں دکھائی جائینگی

August 13, 2020

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)بچوں کی تعلیم و تربیت اور معیاری تفریح کے مد نظر ہونے والے لاہورانٹرنیشنل چلڈرن فیسٹیول کے 12ویں سالانہ ایڈیشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور فیسٹیول کے منتظمین ”دا لٹل آرٹ“ نے60روز دورانئے پر محیط رنگا رنگ سالانہ ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ فیسٹیول کے ڈائریکٹرشعیب اقبا ل نے بتایا ہے کہ”لاہور انٹرنیشنل چلڈرن فلم فیسٹیول“ میں رواں برس مجموعی طور پر16مختلف زبانوں پر مشتمل 158فلمیں دکھائی جائینگی جنہیں پروفیشنل فلم میکرز کے ساتھ ساتھ نوجوان طلبا و طالبات نے بنایا ہے اور ان میں شارٹ فلم، اینی میشن، لائیو ایکشن اور دستاویزی فلموں سمیت دیگر موضوعات کی حامل فکر انگیز کہانیاں شامل ہیں جن کا انتخاب دنیا کے 24مختلف ممالک سے بچوں کی معیاری تفریح کے پیش نظرخصوصی طور پر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول کا انعقاد دالٹل آرٹ اور معروف گروپ سنی پیکس کے خصوصی اشتراک کے ساتھ کیا گیا ہے اور یہ فیسٹیول سٹارز پلے پر جمعہ اکیس اگست سے ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس، لوک ورثہ، والڈ سٹی لاہور اتھارٹی،الحمر ا آرٹ کونسل، فیض گھر،انسٹیٹیوٹ فار آرٹ ایند کلچر، کنیئرڈ کالج اور ایمبیسی آف نید رلینڈ سمیت دیگر ثقافتی اداروں کا اشتراک بھی فیسٹیول کو حاصل ہے۔