میگھن مارکل رواں برس امریکی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرینگی

August 13, 2020

کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کی ’شاہی حیثیت‘ سے باضابطہ طور پر دستبرداری کے بعد شہزادہ ہیری کی اہلیہ اور سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے تصدیق کی ہے کہ وہ رواں برس امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کریں گی۔میگھن مارکل کی جانب سے امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹ دینے کا فیصلہ برطانوی شاہی خاندان سے دستبرداری کے اعلان کے چند ماہ بعد کیا ہے۔ہیری اور میگھن مارکل باضابطہ طور پر مارچ 2020 میں میں شاہی حیثیت سے دستبردار ہوئے تھے اور شاہانہ زندگی کو چھوڑ کر برطانیہ سے کینیڈا اور پھر امریکا منتقل ہوئے اور اب انہوں نے کیلیفورنیا کی کاؤنٹی سانتا باربرا میں نیا گھر خریدا ہے۔فرانسیسی میگزین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میگھن مارکل نے نومبر 2020 میں ہونے والے امریکی انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کرنے کی وجہ بیان کی۔خیال رہے کہ میگزین میری کلیری نے امریکا کی 100 بااثر خواتین کی رائے لی ہے کہ وہ 2020 میں ہونے والے انتخابات میں ووٹ کیوں دیں گی، ان میں میگھن مارکل کے علاوہ سابق امریکی صدر کی اہلیہ مشعل اوباما، ہیلری کلنٹن، میگھن میک کین، چیلسا ہینڈلر، اوپرا ونفرے اور دیگر کئی خواتین شامل ہیں۔