سجنے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص، سنجو ہمیشہ فائٹر رہے ہیں، اہلیہ

August 13, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کی اطلاعات کے بعد ان کی اہلیہ منائتا دت نے کہا ہے کہ سنجو ہمیشہ فائٹر رہے ہیں اور ہم اس مرتبہ بھی کامیاب ہوں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بولی وڈ اداکار سنجے دت کو سانس لینے کی شکایت پرو ممبئی کے نجی لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکرمند ہونے یا غیرضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مداحوں کی محبت اور سپورٹ سے بہت جلد واپس آئیں گے۔جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔سنجے دت کی جانب سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کا کوئی بیان سامنے آیا ہے تاہم ان کی اہلیہ منائتا دت نے بیان جاری کرتے ہوئے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق منائتا دت نے اپنے بیان میں سنجے دت کی جلد صحتیابی کی دعائیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔منائتا دت نے کہا کہ اس مرحلے پر قابو پانے کے لیے ہمیں طاقت اور دعاؤں کی ضرورت ہے، ماضی میں ہمارا خاندان بہت سی مشکلات سے گزرا ہے اور میں پُراعتماد ہوں کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سنجو کے مداحوں سے میری دلی درخواست ہے کہ وہ قیاس آرائیوں اور غیر ضروری افواہوں کا شکار نہ ہوں اور اپنی محبت اور تعاون جاری رکھتے ہوئے ہماری مدد کریں۔سنجے دت کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر ہوتے مانیتا دت نے مزید کہا کہ سنجو دت ہمیشہ فائٹر رہے ہیں اور ہمارا خاندان بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ خدا نے ایک مرتبہ پھر آزمائش کے لیے ہمارا انتخاب کیا ہے کہ ہم ان چیلنجز کا پر قابو پاسکیں۔