تیمور علی خان بڑے بھائی بننے والے ہیں، سیف نے تصدیق کردی

August 13, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)اگرچہ بولی وڈ ʼبے بو کرینہ کپور اور ان کے شوہر خود بھی شہرت رکھتے ہیں، تاہم ان کے بیٹے تیمور علی خان نے شہرت میں انہیں بھی پیچھے چھوڑ رکھا تھا۔تاہم اب لگتا ہے کہ جلد ہی تیمور علی خان کی حکمرانی بھی ختم ہونے والی ہے، کیوں کہ ان کے ہاں ایک نئے ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔بھارتی میڈیا میں گزشتہ چند ہفتوں سے چہ مگوئیاں تھیں کہ کرینہ کپور پھر سے امید سے ہیں، کیوں کہ انہیں کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت میں نافذ لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ڈھیلے لباس اور اضافی وزن کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔خبریں تھیں کہ کرینہ کپور حمل کے ابتدائی ہفتوں میں ہیں، تاہم ایسی خبروں کو کرینہ کپور کے والد رندھیر کپور نے بھی افواہ قرار دیا تھا۔کرینہ کپور کے امید سےہونے کی خبریں ایسے وقت میں پھیلیں جب کہ وہ بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔فلم میں شوٹنگ کی مصروفیت کی وجہ سے چہ مگوئیاں تھیں کہ اداکارہ فی الحال حمل کی خبر کو خفیہ رکھیں گی، تاہم تاہم اب کرینہ کپور اور سیف علی خان نے اس بات کی تصدیق کردی کہ جلد ہی ان کے ہاں نئے فرد کی آمد متوقع ہے۔ کرینہ کپور اور سیف علی خان نے میڈیا کو جاری مختصر بیان میں تصدیق کی ہے کہ تیمور خان بڑے بھائی بننے والے ہیں۔اداکار جوڑے نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔تاہم دونوں نے بیان میں وضاحت نہیں کی کہ ان کے ہاں کب تک نئے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ دونوں نے میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں تصدیق کی کہ ان کے خاندان میں ایک نئے فرد کا اضافہ ہونے والا ہے۔