صبا قمر کیوجہ سے نوجوان کی شادی کیلئے منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ گئی

August 13, 2020

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) حالیہ دنوں میں اداکارہ صباءقمر کی مسجد کے محراب میں بنائی گئی ایک ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوئی اور اداکارہ کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ایک نوجوان سامنے آ گیا ہے جس کی شادی ہی صباءقمر کی اس ویڈیو کی وجہ سے التواءکا شکار ہو گئی اور اب یہ نوجوان سوشل میڈیا پر دہائی دیتا نظر آ رہا ہے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق اس نوجوان کا نام محمد مرتضیٰ ہے جس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’میری نکاح کی تاریخ طے ہو چکی تھی۔ سنت کے مطابق صبح فجر کے وقت وزیرخان مسجد میں میرا نکاح ہونا تھا۔‘محمد مرتضیٰ نےمزید لکھاکہ ”میری دلہن کا عروسی جوڑا تیار تھا۔ میرا لباس پریس ہو چکا تھا۔ فیملی فوٹوگرافر نے تیاری کر لی تھی۔ مہمان بلائے جا چکے تھے، لیکن اسی روز صباءقمر نے ایک مسجد کے محراب میں ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر پوسٹ کر دی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وزیرخان مسجد کی انتظامیہ نے ہمارے نکاح کی جو اجازت دے رکھی تھی، وہ منسوخ کر دی۔ جس سے میری شادی کی ساری منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ گئی۔ روایتی طور پر پاکستان میں یہی ہوتا آیا ہے کہ ایک شخص کوئی غیرقانونی کام کرتا ہے اور پھر سرکاری مشینری غیرقانونی طریقے سے اس حوالے سے سب کچھ پر پابندی عائد کر دیتی ہے۔ صباءقمر نے مسجد میں ویڈیو بنائی لیکن حکومتی عمال نے مسجد میں نکاح پر بھی پابندی عائد کر دی۔