محمد حفیظ کو سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنا مہنگا پڑ گیا

August 13, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے ٹیسٹ بیٹسمین محمد حفیظ کو آئسو لیشن میں رکھنے کافیصلہ کرلیا، اس پرعمل درآمد فوری ہوگا۔ ایک کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ آنے تک حفیظ تنہائی میں رہیں گے ، انہیں کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ سے دور رکھا جارہا ہے تاکہ اگر متاثر ہوئے ہیں تو دوسرے کھلاڑی اس کی زد میں نہ آسکیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ، بدھ کی صبح ٹیم ہوٹل سے متصل گالف کورس گئے، جوکہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہے۔ اس دوران انہوں نے ایک عام فرد کے ساتھ تصویر بنوائی اور اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کردیاجو مہنگی پڑگئی۔ تصویر میں واضح ہے کہ محمد حفیظ نے 2 میٹر پر مشتمل سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے، لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے، ٹیم ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد، محمد حفیظ کو آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد حفیظ کا کوویڈ19 ٹیسٹ بدھ کی سہ پہر لیا گیا، جس کا رزلٹ جمعرات کو متوقع ہے۔ یہ فیصلہ ان کے اور ان کے اردگرد موجود تمام افراد کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ یہ غلطی غیردانستہ تھی ۔ محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے 20 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔