امریکی وزیرخارجہ کا سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کا دفاع

August 13, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ان کے محکمے نے قانون کے مطابق سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کی سخت جانچ پڑتال کی ہے اور ہم نے یمن میں شہریوں کے جانی نقصان کو بچایا ہے، انسانی حقوق کے ایک حکومتی ادارے نے کہا تھا کہ یمن میں شہریوں کی ہلاکتوں کے خدشات کے بارے میں اعدادوشمار کا درست اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ چیک ریپبلک کے وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم نے قانون کے مطابق تمام جانچ پڑتال کی ہے، مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ میری ٹیم نے بہتر کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے مثبت نتائج نکلے ہیں اور ہم نے انسانی جانوں کا ضیاع بچایا ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس نے یمن میں جاری جنگ کی وجہ سے سعودی عرب کو اسلحہ فروخت کرنے کے 8 ارب ڈالر کے معاہدے پر نظرثانی کا کہا تھا تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے سعودی عرب کی ایران کیساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث اسے مسترد کردیا تھا۔