خون آشام علاقائی بدمعاش

August 13, 2020

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ایک خاص دہشت گرد ذہن کے مالک ہیں غالبا ان کی تربیت بچپن سے ہی ایک خاص نہج پرکی گئی ہے۔اگر اُنھیں ایک دہشت گرد حکمران کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ہویا جن سنگھ پارٹی ہویامہا سبھاپارٹی سب کی بنیادی سوچ یکساں ہے ۔یہ پارٹیاں اپنے کارکنان کے ذہنوں سے اُن کےبچپن سے ہی انسانی اقدار وجذبات نکال دیتی ہیں اُنھیں وحشی درندہ بنادیتی ہیں ۔اگر ذراسا پیچھے مڑ کر دیکھ لیا جائے تو بات آسانی سے سمجھ آجائےگی تقسیم ہند کے وقت بھی لاکھوں مسلمانوں کو ان ہندو دہشت گردوں نے اپنے مسلم مخالف جذبوں کی بھینٹ چڑھایاتھا۔اس وقت کی خوں ریزی تاریخ کا حصہ ہے پھر گودھرا میں ٹرین کو نذر آتش کرکے سینکڑوں انسانوں کرزندہ جلاڈالاتھا، گجرات میں قتل عام کرکے گھروں کو آگ کس نےلگائی تھی، کس کانقصان ہوا؟۔ سینکڑوں مسلمان مودی کے جنون کی بھینٹ چڑھادئیے گئے۔ اس کے بعد مسلمان تو مسلمان سکھ اور عیسائیوں کو بھی نہیں بخشا گیا ان کے راہب راہبائوں کو اپنی دہشت وحشت کاشکار بنایاگیا۔گزشتہ پون صدی سے کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ جب سے مودی نے اقتدار سنبھالا ہے اس وقت سے کشمیر پر قیامت ڈھائی جارہی ہے ۔لاکھوں جوانوں کو قتل کردیاگیاہے، سینکڑوں کشمیری دوشیزائوں کوبےآبرو کردیاگیااور مسلسل کیا جارہاہے ۔دہلی میں مسلم کش قتل عام ابھی کچھ ماہ پہلے کی بات ہے۔ یہ سب مہاسبھائیوں کی درندگی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔درندے درندگی کی زبان سمجھتے ہیں ،کوئی نرم لہجہ اُن کی عقل سے ماورا ہے۔

ملایشیا کےسابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انسانیت کےلئےمقبوضہ کشمیر کے عوام کےساتھ کھڑا ہوں۔ مسئلہ کشمیر پرخاموش رہنا مناسب نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کی جانےوالی درندگی کاعالمی برادری نوٹس لے۔ بھارت کو چاہئے کہ علاقائی بدمعاشی ختم کر کے ایک سنجیدہ ملک کی طرح اپنارویہ درست کرلے۔ مہاتیر محمد نے کہا کہ کشمیری سخت فوجی پہرے میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ دراصل بھارت کشمیر میں وہی کچھ کررہاہے جواسرائیل فلسطین میں کررہاہے۔ انھوں نے کہا کہ ملائیشیا اس کی مذمت کرتاہے۔ اقوام متحدہ کوچاہیے کہ وہ منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا فیصلہ کرادے۔ انھوں نےکہا کہ بھارت نے کشمیر کے مقبوضہ حصے پر فوج کےذریعے قبضہ کر رکھا ہےاور انسانی حقوق کو پامال کررہاہے۔

جب سے پاکستان میں پاک چین راہداری کے منصوبے کی داغ بیل ڈالی گئی ہے اس وقت سے بھارت امریکہ کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ پاک چین تعلقات ان کےحلق میں اٹک گئے ہیں۔ امریکہ محسوس کررہاہے کہ پاکستان اُس کے ہاتھوں سے پھسل رہاہے ۔ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کابس نہیں چل رہا کہ وہ پاکستان کوصفحہ ہستی سے ہی مٹا ڈالیں۔ چین کی دوستی نےجلتی پرتیل کاکام کیا ہے۔ پاکستان اگر جوہری توانائی والا ملک نہ ہوتا تواب تک عراق افغانستان کی طرح اس کی بھی اینٹ سے اینٹ بجائی جاچکی ہوتی اس کےباوجود دشمن جوکل تک دوست تھا اپنی کرنی سے باز نہیں آرہا ۔جب امریکہ کےکسی بھی طرح کے دبائو میں آنے سے پاکستان نے انکار کردیا تو اس نے برادر ملک کے ذریعےپاکستان پر دبائو ڈالنے کی مذموم کوشش کی لیکن ایسے مشکل وقت میں چین نے چاہے اپنے مفادات کےتحفظ میں یا خطہ میں پاکستان کی اہمیت کے پیش نظر پاک چین تعلقاتُ گوادر کی اہمیت کومدنظررکھتے ہوئے ایک ارب ڈالر قرضہ واپس کرنے کےلئے فوری اداکر کے پاکستان کے مشکل وقت پر کام آکر دل جیت لئے ہیں۔

ابھی توابتدا ہے آگے ابھی بہت کچھ سامنے آئے گاتمام غیر مسلم دنیا مسلمانوں کے خلاف یک جہت ہے ۔ اب دیکھناہے کہ امریکہ مزید کیا گل کھلاتاہے۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)