بوگس الاٹمنٹ،ریکارف فراہم نہ کرنے پر سی ڈی اے کے 13 افسروں کی طلبی

August 13, 2020

اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے 13 افسران کے طلبی کے سمن جاری کر د یئے ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق سی ڈی اے میں گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ میں اربوں روپے مالیت کے سینکڑوں پلاٹس کی جعلسازی کے ذریعے بوگس الاٹمنٹس کا ریکارڈ ایف آئی اے کی جانب سے متعدد بار طلب کئے جانے کے باوجود شعبہ لینڈ و بحالیات کی جانب سے فراہم نہ کرنے پر بدھ کے روز ایف آئی اے نے 13افسران و ملازمین کو بوگس الاٹمنٹس پر تحقیقات کے لئے طلبی کے نوٹس جاری کئے۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے جعلسازی میں ملوث افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی سے اجتناب سمیت بوگس فائلوں کو منسوخ کرنے اور ثابت شدہ جعلسازی پر کارروائی نہ کرنے سے انتظامیہ کے بارے میں سوالات نے جنم لیا ہے ۔ مارکیٹ میں آنے والے دو نمبر پلاٹوں کی بھرمار کے باعث سرمایہ کار بداعتمادی کا شکار ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے میں گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ کے دوران گزشتہ تاریخوں پر سیکٹر ڈی تیرہ ، آئی بارہ ، آئی چودہ ، آئی الیون ، آئی ٹین اور جی ٹین میں کوریجنڈم ( متبادل پلاٹ ) سمیت الاٹمنٹس کئے جانے کے کیسز سامنے آئے تھے۔