یکساں قومی نصاب میں ذریعہ تعلیم اُردو ہو گا، شفقت محمود

August 13, 2020

اسلام آباد( خصو صی رپورٹر ) ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر انتظام جشن آزادی کے سلسلے میں سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں دنیا کے تمام براعظموں میں بسنے والے اردو کے اہل علم و دانش نے آن لائن اظہار خیال کیا۔پہلے روزتین اجلاس منعقد ہوئے۔ افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن شفقت محمود تھے جبکہ صدارت پروفیسر فتح محمد ملک، کشور ناہید اور افتخار عارف نے کی۔افتتاحی اجلاس کی نظامت ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید نے کی۔ شفقت محمود نے کہاکہ نئے یکساں قومی تعلیمی نصاب جو پورے ملک میں آئندہ تعلیمی برس سے پہلی سے پانچویں جماعت تک رائج ہو گا میں ذریعہ تعلیم قومی زبان اردو ہو گی۔ افتتاحی اجلاس میں کشور ناہید، رضاعلی عابدی، ڈاکٹر آمنہ یقین،پروفیسر عارف نقوی، پروفیسر فتح محمد ملک،تھانگ منگ چانگ،ڈاکٹر ابراہیم محمد ابراہیم اور ڈاکٹر علی بیات نے اردو زبان کے فروغ اور ترویج سے متعلق اظہار خیال کیا۔افتخار عارف نے کہا کہ اساتذہ اور ذرائع ابلاغ کے لوگ صحیح اردو بولنے میں کردار ادا کریں۔