کسانوں اور زرعی شعبہ کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں، نعمان لنگڑیال

August 13, 2020

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر، خصوصی نامہ نگار ) اسلام آباد کے بڑےمال نے ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے اشتراک سے دو روزہ مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا۔ پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے بدھ کو فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان، سپیکر خیبر پختونخوا مشتاق غنی، پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب، پنجاب کے وزیر مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی، وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کے علاوہ سابق وفاقی وزیر بہبود آبادی چوہدری شہباز حسین، سفارتکار اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس ایونٹ کا مقصد آم کی مقامی پیداوار کا فروغ اور ملک میں کاشت کی جانے والی مختلف اقسام کی نمائش ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ حکومت زراعت میں ٹیکنالوجی اپنانے اور جدید ترین تکنیک کے استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔کسانوں اور زرعی شعبہ کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔ آم فیسٹیول سے ہمارے دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کی توجہ اس طرف مبذول ہوئی اور بیرون ملک اسکی طلب میں کئی گنا اضافے کا امکان ہے۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے بہترین آم پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے‘ زرعی استعداد میں اضافہ کر کے اقتصادی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آم کی برآمد دوگنا کرنے کا ہدف لیکر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عالمی منڈیوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلے ہی ملک میں آم کی 1.7 ملین ٹن پیداوار کا70 فیصد پیدا کر رہا ہے۔ سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں زرعی برآمدات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار آصف نکئی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول تاجروں کیلئے نہایت سودمند ہے، اس سے انہیں اپنی پیداوار متعارف کرانے کا بہترین موقع ملے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا کہ مینگو فیسٹیول سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ ہمارا مقصد آم کی فی ایکڑ پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے۔ آم کی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے کسانوں کی تربیتی ورکشاپس بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ دو روزہ مینگو فیسٹیول جمعرات13 اگست شام تک جاری رہے گا۔ مال کے ایک حصے میں اسلامی متبرکات و مقدس نوادرات کی نمائش بھی جاری ہے۔