ریلویز:تفتان ریل ٹریک اپ گریڈ کرنے کیلئے فیزیبیلیٹی اسٹڈی مکمل

August 13, 2020

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ ، تفتان ریل ٹریک پر اہم پیشرفت ،پاکستان ریلوےنے کوئٹہ ، تفتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے فیزیبیلیٹی اسٹڈی مکمل کرلی، تفصیلات کے مطابق ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان نے ریلوے کوئٹہ ، تفتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے فزیبیلٹی اسٹڈی مکمل کر لی ہے۔ کوئٹہ ، تفتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمدورفت اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔تاہم اب بھی اکنامک کوورڈینیشن آرگنائیزیشن (ای سی او) کے تحت پاکستان، ایران،ترکی فریٹ ٹرین کے حوالے سے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہےکہ پاکستان ریلوےاورایران ریل کے درمیان شراکت داری کے باہمی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے،کوئٹہ تفتان ریلوے لائن جسے مرکزی لائن 4 یا مخفف ایم ایل-4 کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، پاکستان کی چار مرکزی لائنوں میں سے ایک ہے جو کہ پاکستان ریلویز کے زیر انتظام ہے۔ یہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہو کر کوہ تفتان ریلوے اسٹیشن پر ختم ہوتی ہے۔ اس ریلوے لائن کی کل لمبائی 325 کلومیٹر (202 میل) ہے۔ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے کوہ تفتان ریلوے اسٹیشن تک اس پر 23 ریلوے اسٹیشن واقع ہیں۔ اس کے بعد یہ لائن ایران میں داخل ہوتی ہے اور زاہدان جاتی ہے۔