وسیب کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی حدود پر مشتمل صوبہ سرائیکستان بنایا جائے

August 13, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) سرائیکی رہنماؤں ملک اللہ نواز وینس ، رانا محمد فراز نون ، مہر مظہر کات ، ملک محمد نعیم ایڈووکیٹ، عنایت اللہ مشرقی ، اجالا لنگاہ ، سائرہ زیدی اور دیگر قوم پرست رہنماؤں نے مشتر کہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول سیکرٹریٹ کو مسترد کرتے ہیں، وسیب کی تاریخی ، ثقافتی اور جغرافیائی حدود پر مشتمل صوبہ سرائیکستان بنایا جائے اور میرٹ کے مطابق دارالحکومت ملتان ہونا چاہئے۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرائیکی رہنماؤں نے بتایا کہ سرائیکی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلہ ہوا کہ صوبہ سرائیکستان، دارالحکومت ملتان کے سلسلے میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، مختلف شہروں میں احتجاجی جلوس، ریلیاں ، دھرنے ہونگے اور سرائیکستان لانگ مارچ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کو سی پیک سے لنک اپ کیا جائے اور ان علاقوں میں ٹیکس فری انڈسٹریل زون قائم کئے جائیں ۔ وسیب میں میڈیکل ، انجینئرنگ اور ایگریکلچرل یونیورسٹیاں بنائی جائیں ، فوج میں سرائیکی رجمنٹ بنائی جائے اور فارن سروسز میں وسیب کو اس کی آبادی کے مطابق حصہ دیا جائے۔