اغوا کے مقدمہ میں گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر مدعی وکیل کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

August 13, 2020

ملتان (سٹافرپورٹر) گزشتہ روز ضلع کچہری ملتان میں اغوا کے مقدمہ میں ملوث ملزمان سجاد گجر اور عمر جٹ کو جسمانی ریمانڈ منظور کرانے کے لیے پولیس تھانہ سیتل ماڑی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا اور دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا، ملزمان کا تعلق پیراں غائب ریلوے اسٹیشن سے ہے جن کے مابین مختلف تنازعات جاری تھے۔ تاہم مذکورہ مقدمہ کے مدعی وکیل شاہد چاون جو اس موقع پر موجود تھے انکی ملزمان سے تلخ کلامی ہوئی۔ جس پر ملزمان اور انکے ہمراہ کچہری آنیوالے افراد نے وکیل کو تشدد کا نشانہ بنایا تاہم پولیس نے بیچ بچاؤ کرادیا۔ دوسری جانب متاثرہ وکیل نے مقدمہ کے اندراج کے لیے پولیس سے رجوع کرلیا ہے۔