خیبرپختونخوا سال روں کے دوران 61 ہزار سرچ آپریشن میں 192 دہشت گرد گرفتار

August 13, 2020

پشاور( کرائم رپورٹر) خیبر پختونخوا پولیس نے سال رواں کے دوران سماج دشمن عناصر کیخلاف کاروائیاں کرتے ہوئے192خطرنا دہشتگردوں سمیت ہزاروں جرائم پیشہ اور 16ہزار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشن آفیسر خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری ہونیوالے اعداد و شمار کیمطابق صوبے میں اچھی پولسنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کی بدولت صوبے میں پچھلے سات ماہ کے دوران جرائم برخلاف اشخاص اور جرائم برخلاف املاک کے واقعات میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی جبکہ رواں برس دہشتگردی کی واقعات میں کوئی اضافہ نہیں ھوا۔ نیز اغوائیگی کے واقعات میں50 فیصد ، بچوں کی اغوائیگی میں 68فیصد، اغواء برائے تاوان کے واقعات میں 25فیصد کمی واقع ہوئی جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اسی طرح پچھلے سال کے تقابلی مدت کے مقابلے میں رواں سال میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اہلکاروں پر حملوں میں15فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ جرائم برخلاف املاک میں مجموعی طور پر 159فیصد کمی دیکھنے کو ملی اسی دوران منشیات فروشوں کے خلاف بھی پولیس کی کارکردگی ہر حوالے سے بہتر رہی۔ گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 3423کے مقابلے میں رواں سال 15566منشیات فروش گرفتار کئے گئے۔ جن میں 6514عدالتوں سے سزایاب ہو چکے ہیں۔ سزایابی کی شرح 41فیصد ہے۔جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 10فیصد زیادہ ہے۔ پچھلے سال ٹریفک کے 2379حادثات کے مقابلے میں رواں سال 2119حادثات رونما ہوئے جو کہ 260عدد کم ہیں۔ رواں سال جرائم پیشہ افرادکیخلاف مجموعی طور پر 60857سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کئے گئے۔ اس دوران پولیس نے192خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کیا جبکہ مختلف کاروائیوں میں ۔ 57دہشتگرد مارے گئے۔ اس کے علاوہ اب تک دہشتگردی کے 158واقعات کا کامیابی سے سُراغ لگالیا گیا۔ جبکہ ۔ 27دہشتگردوں کو عدالتوں سے مختلف سزائیں دلوائی گئیں۔ اسی دوران لیویز اور خاصہ داروں کو پولیس میں ضم کرنے کے ساتھ ساتھ 9ہزار سے زائد سپیشل پولیس افسروں کو ریگولرائیز کردیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس جوانوں کو ہر قسم کے جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کرنے کا پروگرام بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ قبائلی اضلاع میں پولیس تھانوں اور پولیس کے دیگر عمارتوں پر تعمیراتی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔آئی جی پی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے خیبر پختونخوا پولیس کی پچھلے سات ماہ کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ جامع حکمت عملی اور منصوبہ بندی اپنا کر سال 2020کو امن و امان کے حوالے سے بہترین سال ثابت کریں اور اپنے اہداف کے حصول کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو موثر انداز میں بروئے کار لائیں۔ آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں کو پچھلے سات ماہ ڈیوٹی کے دوران بہترین نمایاں کارکردگی اُٹھانے والے پولیس اہلکاروں کے نام نقد انعامات اور توصیفی اسناد کے لیے سفارش کے ساتھ بھیجوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔