بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف تاجروں کا مظاہرہ،روڈبلاک

August 13, 2020

پشاور(لیڈی رپورٹر)بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف نوتھیہ ،گلبرگ اور صدر کے مکینوں اورتاجروں نے صدر روڈ پر مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے بطور احتجاج ڈینز چوک میں ٹائر جلا کر روڈ کو چاروں طرف کیلئے بند کر دیا روڈ کی بندش سے ٹریفک جام ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مشتعل مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی کی احتجاج کی قیادت سابق اپوزیشن لیڈر ضلع کونسل پشاور سعید ظاہر ایڈوکیٹ ، سابق ناظم گلبرگ کفایت اور تاجر اتحاد خیبر پختونخوا کے صدر مجیب الرحمن نے کی مظاہرین نے کہاکہ شدید گرمی میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ر ہے گا، نوتھیہ ، گلبرگ ، مشتاق آباد ، کوٹلہ محسن خان اور دیگر ملحقہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہیں بھاری بل جمع کرنے کے باوجود بجلی نہیں ملتی جس سے علاقے میں پانی کی شدید قلت ہے گھروں میں خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کاسامنا رہتا ہے ان علاقوں میں بلوں کی مد میں سو فیصد ریکوری ہورہی ہے اور واپڈا والوں کو کئی بار لوڈشیڈنگ سے متعلق شکایات کی ہیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی شدید گرمی ہونے کے باوجود رات کے اوقات بار بار بجلی بند کر دی جاتی ہے انہوںنے کہاکہ جب تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رکھیں گے۔ بعد ازاں پولیس حکام اورواپڈا اہلکاروں کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کیا تاہم روڈ کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔